بنوں کنٹونمنٹ حملے کے شہداء مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک

آئی ایس پی آر کے مطابق بنوں کنٹونمنٹ پر خودکش حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے شہداء کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کردیا گیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شہداء کو ان کے آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا، نمازِ جنازہ اور تدفین میں پاک فوج کے سینئر افسران، جوانوں، لواحقین اور علاقہ مکینوں نے شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نائب صوبیدار محمد شہزاد شہید، حوالدار شہزاد احمد، حوالدار ظلِ حسین شہید، سپاہی ارسلان اسلم شہید، سپاہی اشفاق حسین خان شہید، سپاہی سبحان مجید شہید، سپاہی امتیاز خان شہید اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے لانس نائیک سبز علی خان شہید کو سپردِ خاک کردیا گیا۔

آئی ایس پی آر کاکہنا ہے کہ مادرِ وطن سے دہشتگردی کی لعنت اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی ، شہداء کی یہ عظیم قربانیاں کسی صورت رائیگاں نہیں جائیں گی۔

واضح رہے کہ 15 جولائی کو بنوں چھاؤنی پر دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے 8 بہادر جوان شہید جبکہ 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔