ریڈیو پاکستان کی طرف سے موٹرویز خارجی پوائنٹس پر ہر گاڑی سے ریڈیو فیس لینے کی تجویز دی گئی ہے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے اجلاس میں ٹی وی فیس کے بعد ریڈیو پاکستان کا خسارہ کم کرنے کے لیے بھی فیس رکھنے کی تجویز دی گئی۔ موٹرویز ایگزٹ پوائنٹس پر فی گاڑی 5 روپے ریڈیو فیس سے متعلق معاملہ زیرِ بحث لایا گیا ہے۔
اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان احمد سعید نے قائمہ کمیٹی میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ریڈیو پاکستان کا خسارہ 2 ارب سے بڑھ گیا ہے۔ وفاقی حکومت کو موٹرویز پر ریڈیو فیس رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔
احمد سعید کا کہنا تھا کہا وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ریڈیو پاکستان کے 6 کروڑ روپے دبا لیے ہیں۔ ایف آئی اے نے پینشن اسکینڈل میں 6 کروڑ کی ریکوری کی جو ریڈیو پاکستان کو نہیں دیے گئے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کی طرف سے ڈی جی ریڈیو پاکستان کی ان تجاویز کو سراہا گیا ہے۔