بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن، 1500 سے زائد افراد کیخلاف مقدمات درج

حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) کے حکام نے مٹیاری میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 1500 سے زائد افراد کے خلاف بجلی چوری کے 10 مقدمات درج کروادیے۔

حیسکو حکام کے مطابق ہالہ، نیو سعیدآباد اور مٹیاری کے پولیس اسٹیشنز پر 10 سے زائد مقدمات درج کروائے گئے ہیں جن میں 1500 سے زائد بجلی چوروں کو نامزد کیا گیا ہے۔

ایکسیئن حیسکو کا کہنا تھا کہ ضلع بھر میں 60 فیصد بجلی چوری کی جارہی جس کی روک تھام کیلئے کریک ڈاؤن شروع کیا، پہلے مرحلے میں مقدمات درج کروائے ہیں، اگلے مرحلے میں گرفتاریاں شروع کروائیں گے۔

حیسکو حکام کی جانب سے رات گئے درج کروائے گئے مقدمات سے شہری لاعلم ہیں تاہم شہریوں کی بڑی تعداد کو مقدمات میں نامزد کیا گیا ہے۔