ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کا کل سے ملک بھر میں منڈیاں بند کرنے کا اعلان

کراچی: ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کی جانب سے کل سے ملک بھر میں غلہ منڈیاں بند کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

ملک بھر میں بڑھتی مہنگائی، بے جا ٹیکسز اور بجٹ میں کاروباری طبقے کے خلاف اقدامات کے خلاف دیگر طبقات کے ساتھ ساتھ تاجر بھی حکومت سے نالاں ہیں۔ اسی سلسلے میں کراچی ہول سیلر گروسرز ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ کل سے ملک بھر کی غلہ منڈیاں بند کردی جائیں گی۔

چیئرمین ایسوسی ایشن رؤف ابراہیم کے مطابق بدھ کے روز سے پاکستان بھر کی غلہ منڈیاں بند کرنے جا رہے ہیں۔ پہلے مرحلے میں 31 جولائی سے 2 اگست تک ہڑتال کی جائے گی ، اس دوران حیدرآباد ،سکھر،لاہور ،فیصل آباد، روالپنڈی ،گوجرانولہ ، کوئٹہ، پشاور، مردان سمیت ملک بھر کی غلہ منڈیاں کل سے سپلائی بند کردیں گی ۔


انہوں نے کہا کہ بجٹ میں موجودہ ٹیکس سے ہر دال کی قیمت میں 10فیصد اضافہ ہوگا اور اس کے نتیجے میں دالوں کی قیمت 20 روپے سے 50 روپے بڑھ جائے گی۔ ودہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ سے براہ راست عام صارفین متاثر ہوں گے۔ صارفین کی ماہانہ گروسری لاگت میں خطیر اضافہ ہوجائے گا۔ مقامی کھپت کے لیے 80فیصد دالوں کی درآمدات ہوتی ہیں ۔ ملک میں دالوں کی سالانہ کھپت 15لاکھ ٹن ہے۔

احتجاج کے دوسرے مرحلے میں ہڑتال غیر معینہ مدت کے لیے ہوگی۔ اس کا اعلان 6 اگست کو کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنا چارٹر آف ڈیمانڈ حکومت کو پیش کر رہے ہیں ۔ بدھ سے دکانوں کے علاوہ دالوں کے دفاتر بھی بند رہیں گے۔