مہنگائی کی شرح بہت جلد سنگل ڈیجیٹ پر آجائے گی،وزارت خزانہ

وزارت خزانہ نے بہت جلد ملک میں مہنگائی کی شرح 10 فیصد سے بھی نیچے آنے کا دعویٰ کردیا۔

وزارت خزانہ نے ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ آؤٹ لک رپورٹ کے مطابق ملکی معیشت سال 2024ء میں استحکام کی طرف گامزن ہے ، آئی ایم ایف سے معاہدہ ہونے پر صورتحال مزید بہتر ہوگی۔

رپورٹ کے مطابق مئی میں مہنگائی 11.8 فیصد،جون 2024ء میں 12.6 فیصد رہی، جولائی میں مہنگائی 12 سے 13،اگست میں 11 سے 12 فیصد رہنے سے امکان ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ، مہنگائی میں کمی اور ایکس چینج ریٹ مستحکم ہے، زرعی شعبے کی کارکردگی اچھی رہی،صنعتی شعبے کی بحالی جاری ہے، برآمدات، ترسیلات زر میں اضافہ ہوا،11 ماہ میں مالی خسارہ 4.9 فیصد رہا۔

رپورٹ کے مطابق جولائی میں برآمدات 2.4 سے 2.7 ارب ڈالر تک رہنے کا امکان ہے، جولائی میں درآمدات 4.5 سے 4.9 ارب ڈالر تک رہنے کا تخمینہ ہے۔ جولائی تا مئی 2024ء زرعی شعبے کو 1972 ارب سے زیادہ قرضے دیئے گئے، زرعی شعبے کو گزشتہ مالی سال کے مقابلے 26 فیصد زیادہ قرضہ ملا۔