پاکستان میں دو ممالک کے شہریوں کیلئے ویزا فری انٹری کی سہولت نہیں ہوگی

اسلام آباد: وزارت داخلہ نے کابینہ کو آگاہ کیا ہے کہ دوست ممالک کے تاجروں کے لیے شروع کیے گئے پروگرام میں بھارتی اور افغان شہریوں کو ویزا فری انٹری کی سہولت میسر نہیں ہوگی۔

بزنس ریکارڈر کی رپورٹ کے مطابق 24 جولائی 2024 کو کابینہ کو بتایا گیا تھا دوسرے ممالک کے تاجروں اور سیاحوں کے لیے ویزا فری انٹری کے وزیر اعظم کے وژن کے مطابق وزارت داخلہ نے اہم اسٹیک ہولڈرز اور وزیر اعظم کے دفتر کی مشاورت سے ویزا اصلاحات کی مختلف تجاویز پر کام کیا ہے۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم نے دوست ممالک کے کاروباری افراد، سرمایہ کاروں اور سیاحوں کو راغب کرنے کے لیے ویزا نظام کو مزید نرم کیے جانے کی ہدایت کی تھی۔

وزارت نے کئی اقدامات کیے تھےجن میں نیپال اور مالدیپ کے ساتھ ویزا فری انٹری کے معاہدوں پر دستخط شامل تھے۔ مزید برآں، ’ویزا آن ارائیول‘ کی سہولت 108 بزنس ویزا لسٹ (BVL) اور 64 سیاحوں کی فہرست والے ممالک کے لیے دستیاب تھی۔

پاکستان کا سفر کرنے والے تاجروں کو سفر سے 24 گھنٹے قبل صرف الیکٹرانک ٹریول آتھرائزیشن فارم بھرنا ہوگا، جس کے اندر ویزا الیکٹرانک طور پر جاری کیا جائے گا۔

وزارت نے کہا کہ ویزے اب الیکٹرانک ٹریول اتھارٹی فارم کے ذریعے فراہم کیے جائیں گے، جس نے صرف بنیادی معلومات کے لیے مطلوبہ فیلڈز کو 161 سے کم کر کے 30 کر دیا ہے۔