بھارتی اداکارہ ثناء مقبول 'بگ باس ۃٹٹ' سیزن 3 کی فاتح قرار

ممبئی: بھارتی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ ثناء مقبول نے بھارتی ریئلیٹی شو ‘بگ باس او ٹی ٹی 3′ کا ٹائٹل جیت لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز یعنی 2 اگست کو بگ باس او ٹی ٹی کے سیزن 3 کا فائنل منعقد ہوا تھا، فائنل میں ٹاپ پانچ اُمیدوار پہنچے تھے جن میں بالی ووڈ اداکار رنویر شوری، ریپر نیزی، اداکار سائی کیتن راؤ، اداکارہ ثناء مقبول اور یوٹیوبر کریتیکا ملک شامل تھیں۔

‘بگ باس او ٹی ٹی’ کے سیزن 3 کی ٹرافی کے لیے ان پانچ فائنلسٹ کے درمیان مقابلہ ہوا، فائنل کے پہلے راؤنڈ میں سائی کیتن راؤ اور کریتیکا ملک ٹرافی جیتنے کی دوڑ سے باہر ہوگئی تھیں۔

دوسرے راؤنڈ میں رنویر شوری دوڑ سے باہر ہوئے اور اس طرح وہ ریئلیٹی شو کے دوسرے رنر اَپ رہے، آخر میں یہ مقابلہ اس سیزن کے دو بہترین دوستوں ثناء مقبول اور نیزی کے درمیان ہوا۔

ثناء مقبول نے اپنے دوست ریپر نیزی کو شکست دے کر بگ باس او ٹی ٹی کے سیزن 3 کی ٹرافی جیت لی اور فتح کا تاج اپنے سر سجایا، اداکارہ کو نہ صرف ٹرافی ملی بلکہ اُنہیں انعام میں 25 لاکھ روپے کی رقم بھی دی گئی۔

ریپر نیزی بگ باس او ٹی ٹی 3 کے پہلے رنر اپ قرار پائے، ثناء مقبول اپنی جیت پر بےحد خوش اور جذباتی نظر آئیں، سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے اداکارہ کو مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بگ باس او ٹی ٹی 3 کی میزبانی کرنے والے بالی ووڈ سپر اسٹار انیل کپور نے شو کی ایک قسط کے لیے تقریباً 2 کروڑ روپے فیس لی۔

واضح رہے کہ ثناء مقبول نے سال 2011 میں پیشہ ورانہ طور پر اداکاری اور ماڈلنگ کا آغاز کیا تھا، اُنہوں نے مختلف ٹی وی اشتہارات اور پروگراموں میں کام کرکے اپنے ماڈلنگ کیرئیر کا آغاز کیا تھا۔

ثناء مقبول نے نہ صرف بھارتی ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے بلکہ اُنہوں نے تیلگو اور تامل فلم انڈسٹری میں بھی کام کیا، وہ ریئلیٹی شو ‘خطروں کے کھلاڑی سیزن 11′ کی اُمیدوار بھی تھیں۔