شہرت ملنے کے بعد آپ میں کونسی تبدیلی آئی ؟، اداکار نے بتادیا

پاکستان سمیت پڑوسی ملک بھارت میں یکساں مقبولیت رکھنے والے معروف اداکار وہاج علی نے شہرت ملنے کے بعد اُن کے اندر آنے والی تبدیلیوں کے بارے میں بتا دیا۔

وہاج علی پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے ٹاپ ٹرینڈنگ اسٹارز میں سے ایک ہیں، دُنیا بھر میں اُن کے مداحوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔

اداکار کو سال 2023 میں نشر ہونے والی بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ‘تیرے بن’ کی وجہ سے بہت شہرت ملی، اس ڈرامے میں وہاج کے ساتھ خوبرو اداکارہ یمنیٰ زیدی نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

یمنیٰ زیدی اور وہاج علی کی آن اسکرین جوڑی کو مداحوں کی جانب سے خوب پسند کیا گیا، لاکھوں دلوں پر راج کرنے والی یہ جوڑی گزشتہ کچھ دنوں سے امریکا کے دورے پر ہے جہاں یہ مختلف شہروں کے ایونٹس میں شرکت کررہی ہے۔

اس دورے کی ایک مختصر ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہاج علی کو اپنی شہرت کے بارے میں بات کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ایونٹ میں موجود صحافی نے وہاج علی سے سوال کیا کہ شہرت ملنے کے بعد آپ میں کونسی تبدیلی آئی ہے؟

اس سوال کے جواب میں وہاج علی نے کہا کہ شہرت نے مجھے ذمہ دار بنا دیا ہے، اب کام کرنے کا شوق بڑھ گیا ہے۔

وہاج علی نے کہا کہ شہرت سے زیادہ تبدیلی نہیں آئی ہے لیکن اب ذمہ داری کا احساس ہوتا ہے، میں کوشش کرتا ہوں کہ مجھے مداحوں کی جانب سے جو محبت مل رہی ہے، میں اُس کے بدلے میں اُنہیں بہترین پراجیکٹس دوں۔

اداکار نے مزاحیہ انداز میں مزید کہا کہ میں اپنے کام کے علاوہ، زندگی کے دیگر معاملات میں اب بھی سُست ہی ہوں۔

واضح رہے کہ وہاج علی اور یمنیٰ زیدی جلد ہی ‘تیرے بن’ کے سیزن 2 میں نظر آئیں گے۔