پی ٹی آئی کے ترجمان رؤف حسن اڈیالہ جیل سے رہا

 راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی ترجمان رؤف حسن کو انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے ضمانت منظوری کے بعد اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا۔

ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن کو اڈیالہ جیل سے ایڈوکیٹ شائستہ کھوسہ اور راجہ یاسر اپنے ساتھ لے کر روانہ ہوگئے۔

اس سے قبل انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے رؤف حسن کی رہائی کی روبکار جاری کی تھی۔

خیال رہے کہ 3 اگست کو اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی ترجمان رؤف حسن کو تھانہ سی ٹی ڈی میں بارودی مواد برآمدگی کے دہشت گردی کے مقدمے میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا جبکہ پولیس نے ان کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی تھی۔

بعد ازاں وکیل علی بخاری نے رؤف حسن کو میڈیکل بنیاد پر اسپتال منتقل کرنے کی درخواست دائر کی تھی، جس میں استدعا کی گئی تھی کہ رؤف حسن کی صحت اس قابل نہیں ہے کہ وہ جیل میں رہ سکیں لہٰذا انہیں اسپتال منتقل کیا جائے۔

درخواست میں کہا گیا تھا کہ رؤف حسن بی کلاس کے حق دار ہیں، جس پر عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو میڈیکل چیک اپ کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے حکم دیا تھا کہ رؤف حسن کے میڈیکل چیک اپ کے لیے مناسب انتظامات کیے جائیں۔

سماعت کے بعد وکیل کی جانب سے رؤف حسن کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست بھی دائر کردی گئی تھی، جس پر عدالت نے 6 اگست کے لیے نوٹسز جاری کردیے تھے۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیے تھے کہ ریکارڈ میرے پاس کئی بار آچکا ہے، اگر ریکارڈ پیش نہ کیا گیا تو فیصلہ کرلوں گا۔

اس سے قبل 2 اگست کو مجسٹریٹ عباس شاہ نے رؤف حسن پر پیکا ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں ضمانت میں منظوری کا حکم نامہ جاری کردیا تھا۔