رواں سیزن میں ملک بھر میں کم سے کم 10 کروڑ پودے لگائے جائیں: وزیراعظم

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ  رواں سیزن میں ملک بھر میں کم سے کم 10 کروڑ پودے لگائے جائیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مون سون شجرکاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں مون سون سیزن میں 10 کروڑ درخت لگائے جائیں گے۔شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں پودا لگا کرشجر کاری مہم کاآغاز کیا، اس موقع پر وزیراعظم کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ شجرکاری مہم کے دوران ملک بھر میں 3 ارب 20 کروڑ پودے لگانے کا ہدف ہے۔

وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی ہیں کہ رواں سیزن میں ملک بھر میں کم سے کم 10 کروڑ پودے لگائیں جائیں، درختوں سے آب و ہوا اور قدرتی حسن میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ درخت لگانے سے نہ صرف پاکستان مزید خوبصورت ہوگا بلکہ موسمی تبدیلی کے باعث پاکستان 2022 میں بری طرح متاثر ہو ا تھا، اس کو بھی کنٹرول کرنے میں مدد ملی گی اور فضائی آلودگی میں فرق پڑے گا۔مون سون کا موسم ہر لحاظ سے حسین مزاج موسم ہے، اس سے گرمی کی شدت میں کمی آتی ہے اور ہر طرف مسکراہٹیں بکھرتی ہیں، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے پناہ نعمتوں سے نوازا ہے، اب یہ ہم پر ہے کہ ہم شبانہ روز محنت کرکے ان نعمتوں سے فائدہ اٹھائیں اور اللہ کے حضور شکر کا سجدا ادا کریں۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج مون سون کے موسم میں شجرکاری کے آغاز پر سب لوگوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ پورے پاکستان میں صوبائی حکومتوں کے ساتھ ملکر وفاقی حکومت، محکمے، افسران اور افراد سب ملکر اس عظیم کام میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ پاکستان کو آلودگی سے بچانے کے لیے، اس ملک کو خوبصورت بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے، یہاں موجود بچے بھی اس بات کی گواہی دے رہے ہیں کہ یہ پاکستان کے تابناک مستقبل کی ضمانت ہیں، یہ بڑے ہوکر تعلیم حاصل کرکے پاکستان کے عظیم معمار بنیں گے۔