ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 4 خوارج دہشتگرد ہلاک جبکہ 3 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر کی وادی تیراہ کے تین مقامات پر آپریشن کیا، آپریشن دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران سکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں 4 خوارج جہنم واصل جبکہ سکیورٹی فورسز کے 3 جوان شہید ہو گئے۔
حوالدار انعام گل شہید
37 سالہ حوالدار انعام گل شہید کا تعلق ضلع میانوالی سے ہے، حوالدار انعام گل شہید نے پاک فوج میں 15 سال 6 ماہ تک دفاع وطن کی خدمات سرانجام دیں، حوالدار انعام گل شہید نے سوگواران میں والدین، اہلیہ اور بہن بھائی چھوڑے۔
سپاہی محمد عمران شہید
سپاہی محمد عمران شہید کی عمر 29 برس ہے اور وہ ضلع ٹانک کے رہائشی ہیں، سپاہی محمد عمران شہید نے پاک فوج میں 9 سال تک دفاع وطن کی خدمات سرانجام دیں، سپاہی محمد عمران شہید نے سوگواران میں والدین، اہلیہ اور بہن بھائی چھوڑے۔
سپاہی محمد الطاف خان شہید
سپاہی محمد الطاف خان شہید کی عمر 22 سال ہے، ان کا تعلق ضلع مردان سے ہے، سپاہی محمد الطاف خان شہید نے 2 سال تک وطن عزیز کے دفاع کا فرِیضہ سرانجام دیا، سپاہی محمد الطاف خان شہید نے سوگواران میں والدین اور ایک بہن چھوڑی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں پائے جانے والے دیگر خوارج دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔