اپوزیشن جماعتوں کا حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ

اپوزیشن اتحاد نے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سے مہنگائی اور بدامنی کنٹرول نہیں ہو سکی۔

اسلام آباد میں اپوزیشن جماعتوں کا اہم اجلاس ہوا جس میں پی کے میپ کے سربراہ محمود خان اچکزئی، جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ، محمد علی درانی ، پی ٹی آئی سے بیرسٹر گوہر ، عمر ایوب اور اسد قیصر شریک ہوئے۔

جماعت اسلامی اور بی این پی مینگل کے وفد نے بھی اجلاس میں شریک کی ، اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوئی اور حکومت مخالف تحریک پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کی مشترکہ حکمت عملی کیلئے ٹی او آرز پر بھی بات ہوئی۔ اپوزیشن جماعتوں نے مشاورتی عمل جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے شرکاء نے اتفاق کیا کہ حکومت سے نہ مہنگائی، نہ بدامنی اور نہ ہی معیشت سنبھل سکی ہے، وقت آگیا ہے کہ اب اپوزیشن کا اتحاد مزید مضبوط بنایا جائے۔

اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا  کہ مولانا فضل الرحمان بھی ایک ساتھ چلنے کے لیے راضی ہو گئے ہیں، اجلاس کا تفصیلی ایجنڈا بعد میں جاری کریں گے۔