وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس کا اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔
وفاقی کابینہ نے نجکاری کمیشن بورڈ کے ممبران کی تعدا د 8 سے بڑھا کر 11 کرنے کی منظوری دی ،وزیر اعظم کے ویژن کے تحت بورڈ کے 3نئے ارکان کی نشستوں پر خواتین کو تعینات کیا جائیگا،وزیراعظم شہبازشریف نےملک کے اہم بورڈز میں خواتین کی نمائندگی کی ہدایت دی تھی۔
وفاقی کابینہ نے یوریا کھاد بنانے والے کارخانوں کو گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی،وفاقی کابینہ نے کہا کہ یوریا کھاد کی قیمتوں کو بڑھنے سے روکنے کیلئے ہر قسم کے اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
زراعت ملک کی ریڑھ کی ہڈی کی اہمیت رکھتی ہے،کسانوں کی فی ایکڑ لاگت کو کم کرنے کیلئے زرعی ان پٹس کے نرخوں میں کمی یقینی بنائی جائے۔
کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے 2 اگست 2024 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کی گئی، وزیر اعظم نے کہا کہ نجکاری کا جامع پلان آئندہ کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائے۔
ایف ڈی ای اسلام آباد کے اساتذہ کو ریگولرائز کرنے کے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد،پاکستان اور جمہوریہ گوئٹے مالا کی وزارتِ خارجہ میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط،پاکستان اور ایکواڈور کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کے معاہدے پر دستخط کرنے کی منظوری دی گئی ۔
کابینہ کمیٹی برائے سرکاری ملکیتی ادارے کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں،کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔