پاکستان کے 78ویں یوم ِآزادی کے موقع پر صد رمملکت آصف علی زرداری نے قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے یومِ آزادی حقِ خود ارادیت کیلئے ہندوستانی مسلمانوں کی تاریخی سیاسی جدوجہد کا نقطہ عروج ہے، پُرامن اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے پاکستان کا قیام تاریخ کا ایک بے مثل اور بے نظیر باب ہے، پاکستان کیلئے ان گنت قربانیاں دینے والے تحریک ِ پاکستان کے رہنماؤں، کارکنان اور اپنے آباؤ اجداد کو خراج ِعقیدت پیش کرتے ہیں ۔
صدر مملکت نے کہا موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر کام کرنا ہوگا، ملکی اتحاد، سالمیت اور معاشی استحکام کیلئے پرعزم ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے، ہمارے ملک کو بے شمار انسانی اور قدرتی وسائل سے نوازا گیا ہے، ہماری ذمہ داری ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کیلئے وسائل کو بروئے کار لائیں، قانون کی حکمرانی، جمہوری اداروں کے استحکام اور عوامی مفاد میں دل و جان سے کام کرنا ہوگا، قوم کو ہم سے بہت سی توقعات ہیں، عوامی امنگوں پر پورا اترنے کی کوشش کرنی چاہیے ۔
آصف علی زرداری نے کہا قائد اعظم کے فرمان کے مُطابق تمام تر توجہ عوام الناس اور غریب طبقے کی فلاح و بہبود پر مرکوز کرنی چاہیے، پاکستان کو عظیم ملک بنانے کیلئے نوجوانوں اور خواتین پر سرمایہ کاری کرنا ہوگی، ملکی ترقی کیلئے خدمات کی فراہمی بہتر بنانے، کاروبار کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے، جشن آزادی پر 7دہائیوں سے اپنی آزادی اور حق ِخود ارادیت کیلئے جدوجہد کرنے والے اپنے کشمیری اور فلسطینی بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے، آج ہم مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کیلئے اپنی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں، جشن آزادی پر عہد کریں کہ عوامی ترقی کیلئے کام کریں گے، پاکستان کو ایک خوشحال ملک بنائیں گے۔