شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 3 خوارج ہلاک

شمالی وزیر ستان: سیکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 خوارج ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر 16 اگست کو شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں کارروائی کی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں فتنۃ الخوارج کے 3 خوارج ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔

بیان میں کہا گیا کہ ہلاک ہونے والے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے اور ہلاک خوارج سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے میں کسی بھی خوارج کی موجودگی کا سراغ لگا کر اس سے ختم کرنے کے لیے کلیرنس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ خوارج اور دہشت گردی کے خطرے کو ملک سے ختم کرنے کے لیے پاکستان کی مسلح افواج پرعزم ہیں۔