پی سی بی کی چیمپئنز ٹرافی کی تاریخوں میں تبدیلی سے متعلق خبروں کی تردید

 پاکستان کرکٹ بورڈ نے واضح طور پر ان حالیہ میڈیا رپورٹس کی تردید کردی جن میں کہا گیا تھا کہ پاکستان میں آئندہ سال ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی تاریخیں تبدیل کی جاسکتی ہیں۔

اپنے بیان میں پی سی بی کا کہنا تھا کہ یہ مایوس کن ہے کہ کچھ میڈیا آؤٹ لیٹس نے کل کی میڈیا بات چیت سے پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کے تبصروں کو غلط طریقے سے پیش کیا اور سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی تاریخوں میں ممکنہ تبدیلی کے بارے میں گمراہ کن طور پر حوالہ دیا ہے، اس طرح غیر ضروری سنسنی خیزی کو جنم دیا گیا ہے۔  

اس میں مزید کہا گیا کہ ’میڈیا ٹاک کے دوران چیئرمین پی سی بی نے واضح طور پر کہا تھا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی  کیلئے تیاری کو یقینی بناتے ہوئے، تینوں سٹیڈیمز کی دوبارہ تعمیر اور دوبارہ ڈیزائن کو شیڈول کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔

پی سی بی نے مزید کہا کہ ’چیئرمین نے یہ بھی بتایا کہ کچھ ڈومیسٹک میچز کو بلاتعطل تعمیراتی کام کی سہولت  کیلئے منتقل کرنے کی ضرورت پڑسکتی ہے لیکن یہ کسی بھی طرح سے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے متعلق نہیں جو 8 ٹیموں کے بین الاقوامی ایونٹ کے طور پر پی سی بی  کیلئے ایک ترجیح بنی ہوئی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ کرکٹ بورڈ پاکستان کے تین مشہور وینیوز پر عالمی معیار کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی  کیلئے پوری طرح پُرعزم ہے، جو ہمارے پُرجوش کرکٹ شائقین  کیلئے ایک ناقابل فراموش تجربے کو یقینی بناتا ہے، اس عزم کے مطابق پی سی بی نے پہلے ہی آئی سی سی  کو ایک ڈرافٹ شیڈول پیش کر دیا جس کی مجوزہ تاریخیں 19 فروری سے 9 مارچ 2025 تک ہیں۔