اسلام آباد: قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے ارکان کی رکنیت ختم اور ن لیگ اراکین کی بحال کردی۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے پی ٹی آئی کے رانا محمد فراز نون اور چوہدری بلال اعجاز کی رکنیت منسوخ کردی۔ پی ٹی آئی کے دونوں اراکین کو ڈی لسٹ کردیا گیا۔
دوسری جانب قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی عبدالرحمان خان کانجو اور اظہار قیوم کی رکنیت بحال کردی۔ مسلم لیگ ن کے 2 اراکین کو پارٹی فہرست میں شامل کردیا گیا۔
قومی اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے اراکین کی تعداد 108 سے بڑھ کر 110 ہوگئی ہے جبکہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ اراکین 84 سے کم ہو کر 82 رہ گئے ہیں۔ سپریم کورٹ کے حکم پر الیکشن کمیشن نے دونوں اراکین کی اسمبلی رکنیت بحال کی تھی۔