لاہور: واپڈا اسپورٹس بورڈ کی جانب سے واپڈا ایتھلیٹ اولمپیئن ارشد ندیم کے اعزاز میں واپڈا ہاؤس میں تقریب ہوئی جس میں پیرس اولمپکس میں تاریخی کامیابی پر ارشد ندیم کو 50لاکھ روپے کا کیش ایوارڈ دیا گیا۔
چیئرمین واپڈا اور واپڈا سپورٹس بورڈ کے پیٹرن انچیف انجینئرلیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی(ریٹائرڈ) نے ارشد ندیم کو کیش ایوارڈ پیش کیا۔
چیئرمین واپڈا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم نے اپنی تاریخی کامیابی سے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔ فخر ہے کہ ارشد ندیم کا تعلق واپڈا اسپورٹس بورڈ سے ہے، واپڈا کھلاڑی گزشتہ دو سال میں بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کے لئے44گولڈ میڈل جیت چکے ہیں۔
واپڈا ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں نوح دستگیر کو بھی کیش ایوارڈ دیا گیا۔ واپڈا ایتھلیٹ نوح دستگیر نے ازبکستان میں ویٹ لفٹنگ میں پاکستان کیلئے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ واپڈا سے تعلق رکھنے والی سائبل سہیل، ویرونیکا سہیل اور ٹوئنکل سہیل کو بھی کیش ایوارڈ دیا گیا۔ تینوں بہنوں نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ساؤتھ افریقہ میں پاور لفٹنگ میں گولڈ میڈل حاصل کئے۔