اپوزیشن کا اجلاس، جلسہ منسوخ کرنے پر مجھے اعتماد میں کیوں نہیں لیا؟ اچکزئی ناراض

اسلام آباد: الائنس تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے پی ٹی آئی کے جلسہ منسوخ کرنے کے معاملے میں اعتماد میں نہ لیے جانے پر اپوزیشن کا الائنس طلب کرلیا، اجلاس میں پی ٹی آئی کے رہنما اچکزئی کو وضاحتیں دیتے رہے۔

 چھ جماعتوں پر مشتمل اپوزیشن کے گرینڈ الائنس کے سربراہ محمود خان اچکزئی جلسے ملتوی کرنے کے فیصلے سے آگاہ کرنے پر ناخوش ہیں اسی لیے انہوں نے ہنگامی اجلاس طلب کیا۔

اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس، سنی اتحاد کونسل کے سربراہ حامد رضا، تحریک انصاف کے رہنما شعیب شاہین، اخونزادہ حسین یوسفزئی اور دیگر شریک ہوئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ متحدہ اپوزیشن کے اجلاس میں ترنول جلسہ منسوخی سے متعلق تحفظات سامنے آگئے، محمود اچکزئی نے اجلاس میں شکوہ کیا کہ پی ٹی آئی نے جلسہ منسوخی سے قبل اعتماد میں نہیں لیا، میرے نام سے عدالت میں درخواست جمع ہے، جلسہ ملتوی کرنے جیسا بڑا فیصلہ کرتے وقت مجھ سے پوچھا تک نہیں گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ تحریک انصاف کے رہنما شعیب شاہین محمود خان اچکزئی کو مطمئن کرنے کی کوشش کرتے رہے۔

بعدازاں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنماؤں نے ترنول جلسہ گاہ جانے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس ختم ہونے پر محمود اچکزئی کی سربراہی میں اپوزیشن وفد جلسہ گاہ کے لیے روانہ ہوگیا۔