پیرالمپکس میں شرکت کیلئے پاکستان کے واحد اتھلیٹ حیدر علی پیرس روانہ

پیرس میں ہونے والی پیرا لمپکس میں شرکت کے لیے پاکستان کے واحد اتھلیٹ حیدر علی پیرس روانہ ہو گئے ہیں۔

فرانس کے شہر پیرس میں اب پیرا لمپکس کا میلہ سجنے جارہا ہے جس کی افتتاحی تقریب اٹھائیس اگست کو ہوگی، پاکستان کی نمائندگی حیدرعلی کریں گے۔

پاکستان کے واحد ایتھلیٹ حیدر علی اپنے کوچ اور چیف ڈی مشن اکبر علی کے ساتھ پیرا لمپکس میں حصہ لینے کے لیے اسلام آباد سے پیرس روانہ ہوئے۔

پیرا لمپکس میں 170 ممالک کے 4 ہزار سے زیادہ اتھلیٹس حصہ لے رہے ہیں، ان کھیلوں میں مختلف جسمانی کمزوریاں رکھنے والے اتھلیٹس کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملتا ہے، حیدر علی ایف 37 کیٹگری کے ڈسکس تھرو ایونٹ میں شریک ہوں گے۔

ڈسکس تھرو میں حیدرعلی 6 ستمبر کو ایکشن میں ہوں گے، 4 برس پہلے ٹوکیو گیمز میں حیدر علی نے ڈسکس تھرو میں گولڈ میڈل اپنے نام کیا تھا، گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے حیدر علی پانچویں بار پیرا لمپکس میں ملک کی نمائندگی کرر ہے ہیں۔

اس سے پہلے انہوں نے لانگ جمپ میں سلور اور برانز میڈل بھی جیت رکھا ہے، حیدر علی نے پہلی بار 2008 کے بیجنگ اولمپکس میں لانگ جمپ میں سلور میڈل جیتا۔ 2016 ریو اولمپکس میں انہوں نے کانسی کا تمغہ لے کر ملکی پرچم بلند کیا، 2020 ٹوکیو اولمپکس میں 55 اعشاریہ 26 میٹر دور ڈسکس پھینک کر گولڈ میڈل اپنے گلے میں ڈالا تھا جبکہ 2012 لندن اولمپکس میں ان فٹ ہوگئے تھے۔