سعودی عرب سے مزید 1 اعشاریہ 2 ارب ڈالرز قرض کی درخواست : وزارت خزانہ ستمبر میں آئی ایم ایف سے 7 ارب ڈالر کی منظوری کے لئے پراُمید

پاکستان نے سعودی عرب سے مزید 1.2 ارب ڈالرز قرض کے حصول کی درخواست  کر دی۔

ذرائع کے مطابق حکومت چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے 12 ارب ڈالر قرض رول اوور کرانے کیلئے متحرک ہے۔

ذرائع نے بتایاکہ پاکستان نے سعودی عرب سے مزید 1.2 ارب ڈالرز قرض کے حصول کی درخواست بھی دے دی ہے، نئے قرض کا مقصد 2 ارب ڈالرز کا فنانسنگ گیپ پورا کرنا ہے۔

پاکستان کے ذمہ پہلےہی 5 ارب ڈالرز کے کیش ڈیپازٹس کی صورت میں سعودی قرض واجب الادا ہے جبکہ پاکستان کے پاس چین کے 4 ارب ڈالرز اور امارات کے 3 ارب ڈالرز کیش ڈیپازٹس ہیں۔

حکام وزارت خزانہ کے مطابق چین سمیت 4.5 ارب ڈالرز کا کمرشل قرضہ اس کے علاوہ ہے۔

دوسری جانب عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ کا 4 ستمبر تک کا شیڈول جاری کردیا گیا۔

آئی ایم ایف بورڈ کے شیڈول میں فی الحال پاکستان کا نام شامل نہیں۔ وزارت خزانہ ستمبر میں 7 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کی حتمی منظوری کیلئے پر امید ہے۔