نئے چئیرمین آنے کے بعد پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کی امیدیں ختم؟

جے شاہ کا بطور چیئرمین آئی سی سی منتخب ہونا پاکستان میں آئندہ برس ہونے والے چیمپئنز ٹرافی کے ایونٹ کے لیے خطرہ قرار دیا جا رہا ہے۔

اس حوالے سے بھارتی سوشل میڈیا پر خبریں زیرِ گردش ہیں کہ جے شاہ پاکستان میں ہونے والے چیمپئنز ٹرافی کے ایونٹ کی امیدوں پر پانی پھیر سکتے ہیں۔

پاکستان آئندہ برس آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرنے والا ہے، تاہم بھارت نے پاکستان جانے پر تاحال رضامندی ظاہر نہیں کی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستان آکر بڑے ایونٹ میں حصہ لینے کا معاملہ آئی سی سی پر چھوڑ دیا تھا، تاہم جے شاہ کی تقرری سے امیدوں کو بڑا دھچکا پہنچ سکتا ہے۔

اس سے قبل بھی بھارت کی جانب سے سیکیورٹی کا بہانہ بنا کر مختلف بڑے ٹورنامنٹس کو پاکستان سے دوسرے ممالک میں منتقل کیا جا چکا ہے۔

اب چیمپیئنز ٹرافی چونکہ آئی سی سی کا ایونٹ ہے، تو اس لیے عین ممکن ہے کہ جے شاہ کے پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی نہ کرانے کے فیصلے کو انگلینڈ اور آسٹریلیا جیسے کرکٹ بورڈز کے چیلنج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جو پہلے ہی پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کرانے کی حمایت کر چکے ہیں۔