خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں بم دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔
پولیس نے بتایا کہ باجوڑ تحصیل کے علاقے سالارزئی کے درہ بازار میں بم دھماکا ہوا جس سے ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔
زخمی کو ہیڈ کوارٹر خار ہسپتال منتقل کردیا گیا اور دھماکے کی نوعیت معلوم کی جا رہی ہے۔
پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
واضح رہے کہ یہ دھماکا ایک ایسے موقع پر ہوا جب باجوڑ سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع اور شہروں میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز کا ’آپریشن فتنہ الخوارج جاری ہے۔
رواں ماہ 19 اگست کو باجوڑ میں خوارجیوں کے ایک گروپ کی پاک افغان بارڈر سے دراندازی کی کوشش کو سیکیورٹی فورسز نے ناکام بناتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک اور 4 کو زخمی کردیا تھا۔