265

فخرعالم 'مشن پرواز' مکمل کرکے دنیا کا چکر لگانے والے پہلے پاکستانی بن گئے

فلوریڈا: پاکستانی گلوکار و اداکار فخر عالم نے اپنا خواب 'مشن پرواز' مکمل کرلیا ہے جس کے بعد وہ دنیا کا چکر لگانے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں۔

انہوں نے مشن مکمل کرنے کی خوشخبری سب کو ٹوئٹر پر ویڈیو پیغام کے ذریعے دی۔

فخر عالم کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے مشن کا آغاز 10 اکتوبر کو فلوریڈا سے کیا تھا جس میں انہوں نے 24 دن میں 22 ممالک کا سفر کیا ہے اور اب وہ واپس فلوریڈا پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے آفیشل طور پر کامیابی سے مشن پرواز مکمل کرلیا ہے۔

فخر عالم نے پورے پاکستان کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اب ہمارا نام ہوا بازی کی تاریخ میں لکھا جا چکا ہے۔

 

فخر عالم کو فلوریڈا میں ان کے قریبی دوست اور ایوی ایشن کے لوگوں نے مبارک باد پیش کی اور ان کے حوصلے عزم کو سراہتے ہوئے پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔

اس مشن کے تحت وہ دنیا کے مختلف ممالک کے 22 اسٹاپس پر گئے جن میں کینیڈا، گرین لینڈ، آئس لینڈ، برطانیہ، مصر، بحرین، ڈھاکا، بینکاک، جکارتا، سنگاپور، آسٹریلیا، فلپائن، جاپان، روس، الاسکا، دبئی اور فلوریڈا شامل ہیں۔

اس مشن کے دوران فخر عالم کو روس کے ایئر پورٹ پر ویزہ ایکسپائر ہونے کی بناء پر حراست میں بھی لیا گیا تھا، جس کے بعد انہوں نے حکومت پاکستان سے مدد کی اپیل کی تھی۔  

بعدازاں دفتر خارجہ نے نوٹس لے کر پاکستانی سفارت خانے کو گلوکار کی مدد کی ہدایت کی تھی اور انہیں ویزہ فراہم کردیا گیا تھا۔

فخر عالم کل فلوریڈا سے مشن پرواز مکمل کرکے پاکستان پہنچ جائیں گے۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ مشن پرواز کا خواب بھلے ان کا ہے لیکن یہ وطن عزیز سے منسلک ہے، اس کے تحت دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت عکس پیش ہوگا اور دنیا کو پتہ چلے گا کہ ہمارے پاس ڈاکٹرز، انجینیئرز، گلوکار، سائنسدان اور ہوا باز سب موجود ہیں۔‘