اٹک و چکوال میں سونے کی کان کنی، درختوں کی کٹائی پر پابندی عائد : دفعہ 144 نافذ

پنجاب حکومت نے اٹک اور چکوال میں 2 ماہ کے لیے سونے کی کان کنی اور درختوں کی کٹائی پر دفعہ 144 نافذ کر دی، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

محکمۂ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع اٹک میں بغیر اجازت سونے کی کان کنی پر پابندی عائد کر دی گئی۔ 

اٹک میں دریائے سندھ کے اطراف سونے سمیت تمام معدنیات کی بلا اجازت کھدائی پر دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کان کنی یا کھدائی کی مشینری کی نقل و حرکت پر بھی 2 ماہ کے لیے پابندی عائد ہے۔ 

حکومت نے ضلع چکوال میں درختوں کی کٹائی پر بھی پابندی عائد کر دی، پابندی کا اطلاق نجی اور سرکاری دونوں زمینوں پر ہو گا۔

پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ضلع چکوال میں درختوں کی کٹائی کے ساتھ ٹمبر کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی ہو گی۔