مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین سیاسی درجہ حرارت کم کرنے کیلئے متحرک ہوگئے۔
اس حوالے سے چودھری شجاعت حسین نے اسلام آباد میں سیاسی جماعتوں کے سربراہوں، اراکین پارلیمنٹ، سینئر صحافیوں اور حکومتی شخصیات سے اہم ملاقاتیں کیں۔
سربراہ مسلم لیگ ق چودھری شجاعت حسین سے سابق صدر وسیم سجاد، مشاہد حسین سید، محمد علی درانی سمیت اراکین پارلیمنٹ نے ملاقاتیں کیں، سابق وفاقی وزیر چودھری وجاہت حسین، وفاقی وزیر چودھری سالک حسین، پارٹی ترجمان مصطفیٰ ملک بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ملاقاتوں کے دوران ملکی سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چودھری شجاعت حسین نے سینئر صحافی عامر الیاس رانا کی والدہ اور محسن بیگ کے بھائی کے انتقال پر تعزیت اور فاتحہ خوانی بھی کی۔
اس موقع پر چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ سیاستدان ذاتی مفادات اور تعصبات کو ترک کر کے قومی مفادات کو ترجیح دیں، قومی رہنماؤں کو سیاسی اور معاشی استحکام کیلئے آگے آنا چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ اراکین پارلیمنٹ پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مسائل سے نکلنے کیلئے قومی ایجنڈا ترتیب دیں۔