خیبرپختونخوا حکومت کا وزیراعلیٰ کی بازیابی کیلئے پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا حکومت نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی بازیابی کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

اپنے ایک بیان میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما مشعال یوسفزئی نے اسلام آباد پولیس پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو اسلام آباد پولیس نے اغوا کیا ہے۔

بیان میں مشعال یوسفزئی کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور کی بازیابی کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر رہے ہیں۔

اس سے قبل مشیراطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی گرفتاری کا خدشہ ظاہر کیا تھا تاہم سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے علی امین کی گرفتاری کی تردید کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو گرفتار نہیں کیا گیا وہ محفوظ ہیں۔

خیال رہے کہ اسلام آباد کے تھانہ سنگجانی میں جلسہ ضوابط کی خلاف ورزی اور ریاست مخالف تقاریر پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، مقدمے میں ضلعی انتظامیہ کے افسر کو حبس بے جا میں رکھنے کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔