امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ 25 کروڑ پاکستانیوں کے مسائل پر کسی کی توجہ نہیں، ن لیگ، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم کے لوگ مسترد شدہ ہیں۔
جماعت اسلامی رکنیت سازی مہم سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی پورے ملک میں تحریک لے کر چل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فارم 45 کے مطابق ناظم آباد سے جماعت اسلامی کے امیدوار جیتے ہیں، عوام کی مرضی کے بغیر فارم 47 کے ذریعے مسترد کی ہوئی پارٹی عوام پر مسلط کر دی گئی ہے، کراچی کے 5500 پولنگ سٹیشنز میں سے ایم کیو ایم ایک بھی نہیں جیتی۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ہم کےالیکٹرک مافیا کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں، مہنگی بجلی حکومت، نیپرا اور بجلی کمپنیوں کے شیطانی اتحاد کی وجہ سے ہے، بجلی کے بل بڑھانے کیلئے ظالمانہ ٹیرف اور طرح طرح کے ٹیکس ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ قبضہ میئر کراچی کے مسائل حل نہیں کر سکتے، میئرخود ٹیکس جمع نہیں کر سکتے اور کےالیکٹرک کے ذریعے ایک اور ٹیکس لگوا دیا۔