ہمیں قائد کے نظریات سے ازسرِنو رجوع کرنے کی ضرورت ہے : بلاول بھٹو زرداری

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قائداعظم محمد علی جناح کی 76 ویں برسی پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں قائد کے نظریات سے ازسرِنو رجوع کرنے کی ضرورت ہے۔

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی، اتحاد اور استحکام کے لیے قائداعظم کے وژن اور قیادت کی اہمیت دائمی ہے، قائد کی جدوجہد، عزم اور جمہوری اصولوں سے گہری وابستگی نے مضبوط، آزاد اور خودمختار پاکستان کی بنیاد رکھی۔

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کی جدوجہد صرف ایک الگ وطن کے قیام کے لیے نہیں تھی، قائداعظم کی جدوجہد ایک منصفانہ اور مساوی ریاست کیلئے تھی، ایسی ریاست جہاں قانون کی حکمرانی ہو اور ہرشہری کو مذہب، نسل یا طبقہ سے بلاامتیاز یکساں حقوق حاصل ہوں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمیں قائد کے نظریات سے ازسرِنو رجوع کرنے کی ضرورت ہے، ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور ایک خوشحال ومتحد پاکستان کےلیے قائد کے اصول انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، شہید بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے قائداعظم کے وژن کو آگے بڑھانےکے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ۔

ان کاکہنا تھا کہ شہید بھٹو نے 1973 کے آئین کے ذریعے پاکستان کو ایک مضبوط بنیاد فراہم کی، شہید بھٹو نے جوہری دفاع کی بنیاد رکھی، جس سے قوم کی خودمختاری اور دفاع کو یقینی بنایا گیا، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے جمہوریت کو مضبوط کیا۔

پی پی پی چیئرمین کاکہنا تھا کہ قائداعظم نے پسماندہ طبقات کے حقوق کا تحفظ کیا اور عوام کو بااختیار بنایا، یوں ہر لحاظ سے قائد کے وژن کو زندہ رکھا، قائد اعظم کے نظریات کے ساتھ اپنی جماعت کی غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کیا، ایسے پاکستان کی تعمیر کے مشن کو جاری رکھیں گے جہاں ہر شہری کو یکساں مواقع حاصل ہوں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایسا پاکستان بناکر دم لیں گے جہاں انصاف کی بالادستی ہو اور جمہوری اقدار کی پاسداری کی جائے، اتحاد، رواداری اور اجتماعی ترقی کے لئے جدوجہد کرکے قوم اپنے قائد اعظم کی میراث کا احترام کرے۔