پاکستان میں منکی پاکس کا پانچواں کیس رپورٹ ہوگیا ، وفاقی وزارتِ قومی صحت کی جانب سے تصدیق کرتے ہوئے تفصیلات جاری کر دی گئیں ہیں۔
وفاقی وزارتِ قومی صحت کے مطابق پاکستان میں منکی پاکس کا پانچواں کیس رپورٹ ہوگیا ہے ، متاثرہ شہری کا تعلق لوئر دیر سے ہے اور سفر کی ہسٹری خلیجی ممالک سے ہے، متاثرہ شخص کو محکمہ صحت خیبر پختونخوا حکومت سے سکریننگ کے دوران علامات کی بناء پر ٹیسٹ کے لئے ریفر کیا گیا تھا۔
وزارتِ قومی صحت کے مطابق متاثرہ مریض بلکل تندرست ہے اور ان کو گھر پر آئسولیٹ کیا گیا ہے، وزیراعظم کے کوارڈینیٹر برائے قومی صحت ڈاکٹر مختار احمد ملک بھرتھ کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت خیبر پختونخواہ حکومت نہایت مستعدی سے کام کر رہی ہے، محکمہ صحت کی کوششیں قابل ستائش ہیں، منکی پاکس سے بچاؤ کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں، وزارت صحت اور صوبے صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں، بارڈر ہیلتھ سروسز کا عملہ ایئر پورٹ پر سکریننگ کے نظام کو یقینی بنا رہا ہے جبکہ وفاق اور صوبوں کے ماہرین ایک دوسرے کے ساتھ دن رات رابطے میں ہیں۔