نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ سمندری استحکام کے لیے بین الاقوامی تعاون ضروری ہے۔
اسلام آباد میں بلیو اکانومی سے متعلق کانفرنس سے خطاب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی بحری امور کی صنعت میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔پاکستان کی اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے بلیو اکانومی نا گزیر ہے۔ حکومت ماہی گیری کے شعبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ شپ بریکنگ انڈسٹری کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔ پاکستان کا مقصد علاقائی ترسیل کا مرکز بننا ہے۔ مستقبل میں پاکستان کی بندرگاہوں کے شعبے میں ترقی دیکھنے کو ملے گی۔
میری ٹائم انڈسٹری کی ڈی کاربنائزیشن جاری ہے۔ پاکستان کے لیے ماحولیاتی ذمہ داری ترجیح ہے۔ بلیو اکانومی کے ذریعے روزگار کی تحلیق اور معاشی استحکام آئے گا۔ پائیدار ترقی کے لیے بین الاقوامی بحری امور کی تنظیم کے ساتھ مل کر کام جاری رکھیں گے۔ ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان میں سرمایہ کاری کے عمل کوآسان بنایا جا رہا ہے۔