پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ نواسہ رات کے اندھیرے میں نانا کے بنائے آئین پر نقب زنی کر رہا تھا۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ افسوس کی بات ہے کہ نواسہ رات کے اندھیرے میں نانا کے بنائے آئین پر نقب زنی کر رہا تھا، نامکمل ہاؤس سے آپ کیسے ترامیم پاس کر سکتے ہیں؟ ہمارے لیڈر کو باہر لے کر آئیں پھر ترامیم پر بات کریں۔
انہوں نے کہا کہ ان ترامیم کو غیر آئینی ترامیم کہتا ہوں، ہمارا اصل مینڈیٹ ہمیں واپس کیا جائے۔
علی محمد خان کا مزید کہنا تھا کہ آپ کا ہاؤس آف فیڈریشن ہی مکمل نہیں، خواتین اور اقلیتوں کی نشستیں ہمیں تاحال نہیں ملیں، سخت مشکل حالات میں ساتھ کھڑے ہونے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔