نامور مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے شیخ فارق نائیک کے ہمراہ رواں سال دورہ پاکستان کا اعلان کردیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس ڈاکٹر ذاکر نائیک کے آفیشل اکاؤنٹ سے کی گئی ایک پوسٹ میں اعلان کیا گیا کہ حکومت پاکستان کی دعوت پر ڈاکٹر ذاکر نائیک اور شیخ فارق نائیک دورہ پاکستان کریں گے۔
سوشل میڈیا پوسٹ میں ڈاکٹر ذاکر نائیک کے دورہ پاکستان کا شیڈول بھی درج تھا جس میں بتایا گیا کہ وہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے۔
سوشل میں ویب سائٹ پر آفیشل اکاؤنٹ سے جاری شیڈول کے مطابق ڈاکٹر ذاکر نائیک 5-6 اکتوبر کو کراچی، 12-13 اکتوبر کو لاہور جبکہ 19 اور 20 اکتوبر کو اسلام آباد میں خطاب کریں گے۔
سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا گیا کہ ان کے خطاب مذہبی ٹی وی چینل پیس ٹی وی سے براہ راست نشر بھی کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستانی یوٹیوبر نادر علی کے پوڈکاسٹ میں ڈاکٹر ذاکر نائیک نے جلد ہی پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے 2020 میں پاکستان کے دورے کی منصوبہ بندی کی تھی تاہم کورونا وبا کی وجہ سے وہ پاکستان نہ آسکے۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ وہ اب دوبارہ پاکستان کے دورے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔