ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں مشکل گروپ کی بڑی ٹیموں کا کوئی دباؤ نہیں: کپتان فاطمہ ثنا

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں مشکل گروپ کی بڑی ٹیموں کا کوئی دباؤ نہیں، ہمیں تگڑا کھیلنا ہو گا۔

آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے دبئی روانگی سے قبل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا کا کہنا ہے کہ کپتانی کی وجہ سے مجھ پر کوئی دباؤ نہیں ہے میں کپتانی کرتی رہی ہوں۔ مجھے مینجمنٹ اور کھلاڑیوں کی بہت سپورٹ حاصل ہے اس لیے مختلف محسوس نہیں ہو رہا۔

فاطمہ ثنا نے کہا کہ گروپ میں بڑی ٹیموں کا کوئی دباؤ نہیں ہمیں میچ کے دن بس اچھا کھیلنا ہے، ہمارا بس یہ یقین ہونا چاہیے کہ ہمیں اچھا کھیلنا ہے اور اسی چیز کو آگے لے کر چلنا ہے، جب آپ اچھی ٹیم کے خلاف کھیلتے ہیں تو زیادہ تگڑے انداز میں کھیلتے ہیں، آسٹریلیا جیسی ٹیم کے خلاف کھیلیں تو بس یہ ذہن میں ہونا چاہیے کہ اپنا بہترین دینا ہے۔

کپتان فاطمہ ثنا کا کہنا ہے کہ آخری مرتبہ ہم بھارت سے ہارے لیکن اس سے پہلے ہم جیتے بھی ہیں، بھارت کے ساتھ اچھا مقابلہ رہتا ہے، ہمیں اس دن اچھا کھیلنا ہو گا جیت ہماری ہو گی۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے ساتھ گروپ میں آسٹریلیا، انڈیا، نیوزی لینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں شامل ہیں۔