قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ طاہر زمان نے کہا ہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم کو بہتر کرنے کے لیے ہائی پرفارمنس سینٹر بنانا ہوگا اور کھلاڑیوں کے مالی مسائل دور کرنا ہوں گے تاکہ وہ بہتر پرفارم کرسکیں۔
ہیڈ کوچ طاہر زمان نے کہا کہ ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی میں چین کے خلاف شکست سے مایوسی ہوئی، ایونٹ میں ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہوں مگر ہمیں فائنل تک پہنچنا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی ٹیم کو بہتر کرنے کے لیے ہائی پرفارمنس سینٹر بنانا ہوگا اور کھلاڑیوں کے مالی مسائل دور کرنا ہوں گے تاکہ وہ بہتر پرفارم کرسکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں جتنا پیسہ ہاکی پر لگ رہا ہے اس کا چوتھائی حصہ بھی ہمیں مل جائے تو پاکستان ہاکی ٹیم بہت بہتر ہوجائے گی۔
طاہر زمان نے کہا کہ بطور ہیڈ کوچ پاکستان ہاکی ٹیم کو ورلڈکپ اور اولمپکس میں کوالیفائی کروانا ہدف ہے اور میری خواہش ہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم ورلڈکپ اور اولمپکس میں براہ راست پہنچے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی ٹیم کو اسپانسرشپ ملنے کی خوشی ہوئی اور اب دیگر اسپانسر کو بھی سامنے آنا چاہیے، ایشین چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان نے کانسی کا تمغہ جیتا جس سے اسپانسر اور کھلاڑیوں دونوں کو فائدہ ہوا۔
ہیڈ کوچ نے کہا کہ میں نے کھلاڑیوں کی خامیوں کی ویڈیوز بھجوا دی ہیں لیکن کھلاڑیوں کو صرف کیمپ میں نہیں بلکہ خود انفرادی طور پر بھی اپنی خامیوں پر کام کرنا ہوگا۔