حسن نصراللہ کے ساتھ حزب اللہ کے 20 دیگر ارکان بھی شہید ہوئے، اسرائیلی فوج کا دعویٰ

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ جمعے کے روز حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ پر ہونے والے حملے میں ان کے ساتھ حزب اللہ کے دیگر 20 اراکین بھی شہید ہوئے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حملے میں جس بنکر کو نشانہ بنایا گیا اس میں حزب اللہ کے سربراہ کے سمیت مختلف رینکس کے دیگر 20 حزب اللہ اراکین بھی موجود تھے۔

اسرائیلی فوج کے مطابق حملے میں ابراہیم حسین جازینی اور سمیر توفیق بھی شہید ہوئے جو حسن نصر اللہ کے قریبی ساتھی تھے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دونوں حزب اللہ اراکین تنظیم کے روز مرہ امور میں اہم کردار ادا کرتے تھے۔

خیال رہےکہ حزب اللہ نے بھی اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے سربراہ  حسن نصر اللہ اور ایک سینئر رہنما علی کرکی کی شہادت کی تصدیق کردی ہے جبکہ تباہ شدہ عمارت کے ملبے سے حسن نصر اللہ کا جسد خاکی بھی تلاش کرلیا گیا ہے۔