پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں نے کچھ نہیں سیکھا، کوئی ہمیں دفن نہیں کر سکا نہ ہی ہم کسی کو دفن کر سکتے ہیں۔
لاہور میں سابق وزیراعلیٰ غلام حیدر وائیں کی برسی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ غلطی چند لوگ کرتے ہیں، سزا ساری جماعت کو ملتی ہے، جو آج باری دے رہے ہیں، انہیں پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ اب آپ کی باری ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سیاسی جماعتیں بناتی ہے، جس سے مشکلات پیدا ہوتی ہیں، سیاسی جماعتوں نے کچھ نہیں سیکھا، کوئی جماعت اپنا منشور پڑھنے کی بھی روادار نہیں ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جو پارٹی آج رگڑا کھا رہی ہے یہ لوگ بھی اسی وجہ سے اس موڑ پر کھڑے ہیں، نتیجہ یہ ہے کہ ہر سیاسی جماعت باری دے رہی ہے۔
سعد رفیق کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں حالات تشویشناک ہیں، اپنی پارٹی سمیت تمام جماعتوں سے پوچھتا ہوں کہ بلوچستان میں کام کیوں نہیں کرتے؟ وہاں سے الیکٹیبلز کو لیا جاتا ہے، جو وقت آنے پر بھاگ جاتے ہیں، جمہوریت ریموٹ کنٹرول اور ارب پتیوں کے باعث نہیں چل سکتی۔
سعد رفیق نے کہا کہ عدلیہ کے حالات بھی متنازع ہو گئے، غلطیاں سب نے کیں لیکن کوئی تسلیم کرنے کو تیار نہیں، کوئی بھی خود احتسابی کے عمل سے گزرنے کو تیار نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوان اندھی تقلید سے نکلیں قائدین کی عزت کریں لیکن شرک مت کریں۔