ایران، افغانستان سے آنیوالی تمام پروازوں کی سخت نگرانی کی ہدایت

ایران کے اسرائیل پر میزائل حملے کے بعد پاکستان ایئر ٹریفک کنٹرول کو نئی ہدایات جاری کردی گئیں۔

ذرائع سول ایوی ایشن (سی اے اے) کے مطابق ایئر ٹریفک کنٹرول کو ایران، افغانستان اور اطراف سے آنے والی تمام پروازوں کی سخت نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے ۔

ذرائع کے مطابق ایئر ٹریفک کنٹرولرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ پاکستان کی فضائی حدود کے قریب ہونے والی ہر قسم کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جائے۔

اس سے قبل پاکستان ایئر لائنز (پی آئی اے) نے ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل حملے کے بعد اپنی تمام پروازوں کو ایرانی فضائی حدود کے استعمال سے روک دیا تھا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق ایران کی فضائی حدود استعمال نہ کرنے سے متعلق فلائٹ پلان ازسرنو ترتیب دیے جا رہے ہیں۔

پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ جب تک صورتحال واضح نہیں ہو جاتی ایرانی کی فضائی حدود استعمال نہیں کی جائیں گی۔

ترجمان پی آئی اے نے بتایا ہے کہ پی آئی اے ایران کی فضائی حدود کے دو کوریڈور استعمال کرتا ہے، ناردرن کوریڈور کینیڈا اور ترکی جانے والی پروازیں استعمال کرتی ہیں جبکہ سدرن کوریڈور یو اے ای، بحرین، دوحہ اور سعودی عرب کے لیے استعمال کیاجاتا ہے۔

واضح رہے کہ ایران نے منگل کو اسرائیل پر حملہ کیا ہے اور کئی بیلسٹک میزائل داغے، اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران سے اسرائیل کی جانب کم از کم 102 میزائل فائر کئے گئے ہیں جس کے بعد مقبوضہ بیت المقدس میں سائرن بجنے لگے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران سے اسرائیل کی جانب کم از کم 400 میزائل فائر کیے گئے۔