تحریک انصاف ہمیشہ احتجاج کے لئے خاص مواقع ہی کیوں چنتی ہے؟ مصدق ملک

وفاقی وزیر مصدق ملک سوال اٹھایا ہےکہ پی ٹی آئی احتجاج کے لیے خاص مواقع ہی کیوں چنتی ہے؟

ایک بیان میں مصدق ملک نے کہا کہ ہمارا خواب ملک کی ترقی ہے جب کہ پی ٹی آئی کا خواب جلاؤ گھیراؤ اور فساد ہے، فیصلہ کرلیں کونسا پاکستان چاہیے، ہم مٹی کو ہیرا بنانے کی کوشش کررہے ہیں اور پی ٹی آئی والے اسی مٹی کو اگ لگارہے ہیں کہ کہیں ہیرا نہ بن جائے۔

انہوں نے کہا کہ جس شخص نے چینی صدر کا دورہ ملتوی کرایا وہی شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے پہلے کنٹینر لگوارہا ہے، پی ٹی آئی احتجاج کے لیے خاص مواقع ہی کیوں چنتی ہے؟

مصدق ملک کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کبھی آئی ایم ایف کو خط لکھتی ہے،کبھی غیرملکی مہمانوں کی آمد پر مظاہروں کے لیے نکل آتے ہیں، فساد کی سیاست کی پاکستان میں گنجائش نہیں ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی پارلیمنٹ کے اندر آکر احتجاج کرے، صرف حکومتی نہیں آزاد تجزیہ کار بھی اعتراف کر رہے ہیں کہ معیشت بہتر ہورہی ہے، معاشی استحکام کے سفر کو متاثر نہ کیا جائے۔