بلوچستان میں دھماکہ: 3 سیکورٹی اہلکار شہید ، 4 زخمی

بلوچستان کے ضلع قلات میں بم دھماکے میں کم ازکم 3 سیکورٹی اہلکار شہید جبکہ چار زخمی ہوگئے ہیں۔

قلات میں انتظامیہ کے ایک سینیئر اہلکار کے مطابق یہ واقعہ قلات شہر کے قریب اسکلکو روڈ پر پیش آیا ہے۔

پولیس اہلکار نے بتایا کہ اسکلکو روڈ پر دشت محمود کے مقام پر نامعلوم افراد نے دھماکہ خیز مواد نصب کیا ہوا تھا۔ دھماکہ خیز مواد اس وقت پھٹا جب سیکیورٹی فورسز کی ایک گاڑی وہاں سے گزر رہی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کی زد میں آنے کی وجہ سے گاڑی میں سوار 3 اہلکار شہید جبکہ چار زخمی ہوگئے۔ زخمی اہلکاروں کو طبّی امداد کی فراہمی کے لیےاسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

اہلکار نے بتایا کہ دھماکہ دیسی ساختہ بم کے زریعے کیا گیا ہے۔ جبکہ واقعے کی ذمہ داری تاحال کسی گروہ نے قبول نہیں کی ہے۔