ملتان ٹیسٹ؛ پاکستان کے انگلینڈ کیخلاف 263 رنز پر 3کھلاڑی آؤٹ

ملتان: پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں میزبان انگلینڈ کے خلاف پاکستان نے تین کھلاڑیوں کے نقصان پر 263 رنز بنا لیے۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو 8 کے مجموعی اسکور پر پہلی وکٹ گر گئی، اوپنر صائم ایوب 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

صائم ایوب کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد کپتان شان مسعود اور اوپنر عبداللہ شفیق نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 253 رنز بنائے۔ یہاں عبداللہ شفیق 102 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، انہوں نے ٹیسٹ میں اپنی پانچویں سنچری بنائی۔

عبداللہ شفیق کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان شان مسعود بھی زیادہ دیر وکٹ پر ٹہر سکے اور 151 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے۔ انہوں نے 4 سال بعد کیریئر کی 11ویں سنچری اسکور کی جس میں 10 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ شان مسعود نے 28 اننگز پہلے انگلینڈ کے خلاف 2020 میں سنچری بنائی تھی جبکہ دوسری مرتبہ انگلینڈ کے خلاف 150 رنز کی اننگز کھیلی ہے۔

تجربہ کار بلے باز بابر اعظم اور سعود شکیل اس وقت وکٹ پر موجود ہیں۔

ٹاس

قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ بڑے اسکور کی کوشش کریں گے اور اندازہ ہے کہ بڑی دیر سے جیت نہیں سکے، ہم تین فاسٹ اور دو اسپنرز کے ساتھ کھیلیں گے۔

انگلش اولی پوپ نے کہا کہ پچ میں نمی موجود ہے لہٰذا جلد وکٹیں لینے کی کوشش کریں گے۔ ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ کا فیصلہ ہی کرتے۔

واضح رہے کہ ملتان میں اب تک دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف ایک ایک ٹیسٹ جیت چکی ہیں۔ انگلینڈ سے قبل بنگلا دیش نے پاکستان کو اسکی ہی سرزمین پر دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں وائٹ واش کیا تھا۔

پاکستان پلیئنگ الیون

صائم ایوب، عبداللہ شفیق، کپتان شان مسعود، بابر اعظم، نائب کپتان سعود شکیل، وکٹ کیپر محمد رضوان، سلمان علی آغا، عامر جمال، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد۔

انگلینڈ پلیئنگ الیون

زیک کرالے، بین ڈکٹ، کپتان اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک، وکٹ کیپر جیمی اسمتھ، کرس ووکس، گس ایٹکنسن، بریڈن کرس (ڈیبیو)، جیک لیچ اور شعیب بشیر۔