وفاقی کابینہ کی وزیراعظم ریلیف فنڈ برائے فلسطین و لبنان قائم کرنے کی منظوری

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے فلسطین اور لبنان میں اسرائیل کی بربریت سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے وزیراعظم ریلیف فنڈ برائے فلسطین و لبنان قائم کرنے کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ وزیراعظم نے فنڈ قائم کرنے کے حوالے سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو اکاؤنٹ کھولنے کے حوالےسے ضروری ہدایات بھی جاری کر دیں۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال فلسطین اور لبنان کے حوالے سے امدادی کارروائیوں کی نگرانی کریں گے۔

وفاقی کابینہ کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کی جانب سے وفاقی وزارتوں اور اداروں میں ای آفس کے نفاذ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا حکومت کے ای گورننس کی نفاذ کے حوالے سے اقدامات سے اقوام متحدہ کے ای گورننس ڈویلپمنٹ انڈیکس میں پاکستان کی پوزیشن میں 14 درجے بہتری ہوئی ہے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کے تمام 40 ڈویژنز میں ای آفس کے نفاذ کا عمل جاری ہے اور چند وزارتوں میں ای آفس کا 100 فیصد نفاذ کیا جا چکا ہے۔ وزیراعظم نے ای آفس کے نفاذ میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کی اور کہا کہ دو ہفتے بعد اس حوالے سے پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

وفاقی کابینہ نے ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے فیصلوں کی روشنی میں ماہی گیری کی شعبے میں سبسیڈیز کے معاہدے کی توثیق کر دی جبکہ کابینہ نے وزارت بحری امور کی سفارش پر گوادر بندر گاہ پاکستان اور شنگھائی بندرگاہ چین کو ’’سسٹر پورٹس‘‘ کی حیثیت دینے کے معاہدے پر دستخط کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے وزارت خارجہ کی سفارش پر وزارت خارجہ پاکستان اور روانڈا کی وزارت خارجہ کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی منظوری دے دی

وزارت خارجہ کی سفارش پر وزارت خارجہ پاکستان اور گھانا کی وزارت خارجہ کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی منظوری بھی دی گئی۔

وفاقی کابینہ نے معزز چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کے احکامات اور وزارت قانون و انصاف کی سفارش پر جوڈیشل مجسٹریٹ -ا گوادر اور جوڈیشل مجسٹریٹ -ا حب کو انسداد منشیات کے مقدمات سننے کا اختیار دینے کی منظوری دے دی۔

اسی طرح، کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 25 ستمبر 2024 کو منعقد کیے گئے اجلاس میں لیے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی جبکہ کابینہ کمیٹی برائے چائینیز انوسٹمینٹ پراجیکٹس کے 16 ستمبر 2024 کو منعقد ہوئے اجلاس میں لیے گئے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔

وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے حکومتی ملکیتی ادراہ جات کے یکم اکتوبر 2024 کو منعقد ہونے والے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کر دی۔