پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ انگلینڈ نے ہمیں ایک چیز سکھادی ہے کہ جیتنے کیلئے راستہ کیسے نکالاجاتا ہے اور یہ بہت اہم ہے۔پچ کے بارے میں بات کرنے سے قبل یاد رکھیں کہ انہوں نے 20 وکٹیں لی ہیں تو پچ ایسی تھی تو اتنی وکٹیں لیں۔ پچ فاسٹ ہوتی تو ہم بھی شاید 556 رنزنہ بناپاتے۔پچ کے بارے میں ہم نے یہ سوچا تھا کہ دوسرے اور تیسرے روز سے سپنرز کو مدد ملنا شروع ہوجائے گی لیکن ایسا نہیں ہوا۔ جو سوچا تھا ویسا نہیں ہوا،اسی وجہ سے پہلے بیٹنگ کی اور ایک لائن سیٹ کی لیکن ہمیں وہ مدد نہیں ملی۔
ملتان انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستانی کپتان نے کہا ہے کہ شکست کا کون افسوس نہیں کرتا۔دیکھ رہے ہیں کہ کہاں غلطیاں ہوئی ہیں۔ان کو بہتر کریں گے۔ ٹیم پرفارمنس میں کیسے خرابی ہوئی اور بہتر کی کیا گنجائش ہے،اس کا بھی سوچیں گے۔
ایک اور سوال کے جواب میں شان مسعود کہتے ہیں کہ بابر اعظم بڑا نام ہے اور بڑا بیٹر ہے،اس کی ایک اننگ کی ضرورت ہے۔ہمارا اعتماد ابھی اسی پر ہےاور لیکن پھر بھی ہم دوسرے ٹیسٹ سے قبل کنڈیشنز اور پچ کو دیکھ کر سوچیں گے کہ کیا کمبی نیشن بن سکتا ہے اور بنایا جاسکتاہے۔پھر بھی سوال ہوگا کہ کس انداز میں فیصلے کریں گے۔