بلوچستان: سی ٹی ڈی کی کاروائی میں 3 دہشت گر ہلاک، جنوبی وزیرستان : اہم عسکریت پسند ہلاک

بلوچستان کے ضلع کچھی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے تین مشتبہ دہشت گرد مارے گئے۔

بلوچستان پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے دو پاسی پل کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر علاقے میں کارروائی کی۔

جیسے ہی فورسز نے دہشت گردوں کے مشتبہ ٹھکانوں پر ناکہ بندی کی تو انہوں نے فائرنگ شروع کر دی۔

کچھی کے ایس ایس پی دوست محمد بگٹی نے تصدیق کی کہ سیکیورٹی فورسز نے جوابی فائرنگ کی اور 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشت گرد علاقے میں حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، حکام نے دعویٰ کیا کہ ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔

جنوبی وزیرستان میں اہم عسکریت پسند ہلاک

جنوبی وزیرستان میں، ہفتہ کو تحصیل سراروغہ کے علاقے شکتوئی میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کیے گئے آپریشن کے دوران ایک اہم عسکریت پسند مارا گیا۔

ذرائع کے مطابق عسکریت پسند جس کی شناخت عبدالخالق عرف جلیب کے نام سے ہوئی ہے، علاقے میں سیکورٹی فورسز اور شہریوں پر متعدد حملوں میں ملوث تھا۔

ان کی ہلاکت کو جنوبی وزیرستان میں سرگرم عسکریت پسندوں کے نیٹ ورکس کے لیے ایک اہم دھچکا سمجھا جاتا ہے۔