پی ٹی آئی احتجاج کے دوران فتنہ الخوارج کی دہشتگردی کا خطرہ،نیکٹا کا الرٹ جاری

نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی پاکستان(نیکٹا) نے اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے احتجاج کے دوران فتنہ الخوارج کی دہشتگردی کا خطرہ ظاہر کیا ہے۔ 

نیکٹا کی جانب سے جاری کردہ الرٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران فتنہ الخوارج کی دہشت گردی کا خطرہ ہے،  اس حوالے سے نیکٹا تھریٹ الرٹ کی کاپی تمام متعلقہ وفاقی و صوبائی اداروں کو ارسال کی گئی ہے جس میں  فتنہ الخوارج کے عناصر کی جانب سے  پاکستان کے بڑے شہروں میں دہشتگردی کی منصوبہ بندی کا انکشاف کیا گیا ہے،علاوہ ازیں، مختلف ذرائع کی جانب سے فتنہ الخارج کی دہشتگردی کی منصوبہ بندی کی تصدیق بھی سامنے آئی ہے۔ 

نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی پاکستان کے مطابق فتنہ الخوارج سے منسلک کئی دہشتگرد پاک افغان بارڈر کراس پار کر کے پاکستان میں داخل ہو چکے ہیں،19 اور 20 نومبر کی درمیانی رات فتنہ خوارج کے دہشتگردوں کی جانب سے پاک افغان بارڈر پار کرنے کی اطلاعات ہے، فتنہ الخوارج کے پاکستان میں داخل ہونے والے دہشتگردوں کی مختلف بڑے شہروں میں موجودگی کی بھی اطلاع ہے،نیکٹا نے فتنہ الخوارج کے خطرے کے پیش نظر سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کی ہدایات کی گئی۔