افغان کرکٹ بورڈ نے ٹیم کے ہیڈ کوچ جوناتھن ٹروٹ کے معاہدے میں ایک سال کی توسیع کردی۔
افغان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ ٹیم کے ہیڈ کوچ جوناتھن ٹروٹ اس ماہ اپنے ڈھائی سالہ معاہدے کو مکمل کرنے جارہے تھے تاہم اب ان کو ایک سال کی توسیع دی گئی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے معاہدے میں توسیع کی وجہ جوناتھن کی عمدہ کارکرگی اور ٹیم کی کامیابیوں میں اضافہ ہے جس میں خاص کر آئی سی سی ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ شامل ہے جس میں افغانستان نے سری لنکا، پاکستان اور انگلینڈکو شکست دیکر ٹاپ 8 میں جگہ بنائی اور چیمپئنز ٹرافی کے لیے کوالیفائی کیا۔
افغان بورڈ نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ جوناتھن ٹروٹ کی کوچنگ میں ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں 5 میچز جیت کر پہلی دفعہ سیمی فائنل میں جگہ بنائی جو بہت بڑی کامیابی ہے۔