بھارت کے ایک کوچ پر آئی سی سی نے چھ سال کی پابندی لگا دی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ابو ظہبی ٹی 10 لیگ کی فرنچائز پونے ڈیولز کے سابق اسسٹنٹ کوچ سنی ڈھِلن پر چھ سال تک کرکٹ کے کسی بھی شعبے میں حصہ لینے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ پابندی آئی سی سی نے ایمریٹس کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کے باعث لگائی ہے۔

تفصیلات کے مطابق، سنی ڈھِلن اُن آٹھ افراد میں شامل ہیں جن پر گزشتہ سال میچ فکسنگ کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ ان افراد میں بنگلہ دیش کے آل راؤنڈر ناصر حسین، پونے ڈیولز کے شریک مالکان کرشن کمار چوہدری اور پراگ سانگھوی، دو ڈومیسٹک کرکٹرز، بیٹنگ کوچ اشعر زیدی اور ٹیم منیجر شاداب احمد شامل ہیں۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کرکٹ کو خراب کرنے کی کوششوں کو آئی سی سی اور اس کے اینٹی کرپشن حکام نے بروقت روکا۔

سنی ڈھِلن پر یہ پابندی 13 ستمبر 2023 سے نافذ ہو چکی ہے۔