’9مئی کی دھول بٹھائیں‘، چیئرمین پی ٹی آئی نے کمیشن بنانے کا مطالبہ کردیا

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے ہمارے لوگوں کے ساتھ زیادتی ہوئی اور گولیاں چلائی گئیں، ہمیں دوبارہ سڑکوں پر آنے پر مجبور نہ کریں۔

قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا یہ جمہوریت کا حصہ ہے کہ عوام سڑکوں پر احتجاج کرتے ہیں، ہمارے لوگوں کے ساتھ زیادتی ہوئی، ان پر گولیاں چلائی گئیں، دنیا میں کہیں بھی پرامن مظاہرین پر گولیاں نہیں چلیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے مظاہرین میں کسی کے پاس کوئی اسلحہ نہیں تھا، اگر فائرنگ ہوئی ہے تو اس کی ذمہ داری تو عائد ہونی چاہیے۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا اس ملک میں پہلے بھی تحقیقاتی کمشن بنے لیکن کچھ نہ ہوا، یہ ایوان آج تک اپنے ارکان اور ان کے بچوں کا تحفظ نہ کر سکا۔

ان کا کہنا تھا ہم نے کمیٹی اس لیے بنائی کہ غلطیوں کو ٹھیک کریں اس کو کمزوری نہ سمجھیں، اب 9 مئی کی دھول بٹھائیں اور اس پر کمیشن بنائیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا ظلم پھر ظلم ہے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے، شام کی جیلوں سے باہر آنے والوں میں ایک شخص نے بتایا وہ 39 سال بعد باہر آیا، شام کا حکمران ملک سے بھاگتے ہوئے بھی 2 ارب ڈالر ساتھ لے گیا، ہمیں دوبارہ سڑکوں پر آنے پر مجبور نہ کریں یہ ایوان ہمیں انصاف دے۔

حکومتی اراکین بانی پی ٹی آئی کو مجرم کہہ کر ہمارا موڈ خراب کرتے ہیں: شیر افضل مروت
شیر افضل مروت کا قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا 26 نومبر کو ہم پر گولیاں کیوں چلائی گئیں، پشتونوں کے ساتھ ناروا سلوک جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا علی امین گنڈاپور آخری وقت تک بشریٰ بی بی کے ساتھ کھڑے رہے، مارا بھی ہمیں، زخمی بھی ہم ہوئے اور مقدمات بھی ہمارے خلاف ہو رہے ہیں۔

رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا ہمارے ارکان عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں، ایسے غریبوں پر مقدمے بنائے جا رہے ہیں جن کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق ہی نہیں ہے۔

شیر افضل مروت کا کہنا تھا حکومتی اراکین بانی پی ٹی آئی کو مجرم کہہ کر صرف ہمارا موڈ خراب کرتے ہیں، حکومت نے ہمیں مارا اور ہماری املاک بھی لوٹیں۔