لاہور: ٹریفک قوانین کی مسلسل خلاف ورزی، شہری کو ڈیڑھ لاکھ سے زائد کا جرمانہ

لاہور: ایک شہری کو مسلسل ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے باعث ایک لاکھ 54 ہزار روپے کا بھاری جرمانہ عائد کر دیا گیا۔

ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق، موٹر سائیکل سوار کو 86 بار قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر جرمانہ کیا گیا، جس کی مجموعی رقم ایک لاکھ 54 ہزار روپے بنتی ہے۔ ان خلاف ورزیوں میں سب سے زیادہ 73 بار ہیلمٹ نہ پہننے پر جرمانہ کیا گیا، جبکہ 9 بار ٹریفک سگنلز کی خلاف ورزی بھی سامنے آئی۔

ترجمان کے مطابق، اس شہری نے 3 بار ون وے کی خلاف ورزی کی اور ایک بار لین لائن کی بھی خلاف ورزی کی۔

مزید برآں، شہری کی موٹر سائیکل کو ٹریفک قوانین کی بار بار خلاف ورزی کرنے کی بنا پر تھانے میں بند کر دیا گیا ہے۔ چالان کی رقم جمع کرنے کے بعد ہی موٹر سائیکل واپس کی جائے گی۔

ترجمان نے بتایا کہ کسی بھی موٹر سائیکل سوار پر عائد ہونے والا یہ سب سے بڑا جرمانہ ہے اور ای چالاننگ کا عمل ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جاری رکھا جائے گا۔