عزم پختہ ہو تو کوئی طاقت ترقی سے نہیں روک سکتی: وزیر اعلیٰ پنجاب

بیجنگ: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ اگر ترقی کا عزم مضبوط ہو تو کوئی بھی طاقت ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔

مریم نواز چین کے کیمونسٹ پارٹی آف چائنا (سی پی سی) کے میوزیم کے دورے کے دوران وہاں حکام نے ان کا خیرمقدم کیا۔ انہیں سی پی سی کی تاریخ اور اس کے ارتقا پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں چین کے تاریخی انقلاب اور ماؤز تنگ کی جدوجہد پر بھی روشنی ڈالی گئی۔

مریم نواز نے چین کے انقلاب اور اس کی ترقی کے بارے میں بصری تاریخ کا مشاہدہ کیا، جسے انہوں نے ایک غیر معمولی اور یادگار تجربہ قرار دیا۔ سی پی سی میوزیم میں چین کی ترقی اور کمیونسٹ پارٹی کی تاریخ پیش کی گئی، جسے وزیر اعلیٰ نے سراہا اور وہاں رکھی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔

اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ چین کی ترقی نے نہ صرف چین کو بلکہ پوری دنیا کو متاثر کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ چین کے عوام کی کوششیں ترقی اور خوشحالی کی علامت ہیں، اور اگر ترقی کا ارادہ پکا ہو تو کوئی بھی طاقت اسے روک نہیں سکتی۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ چین کی ترقی ایک مثالی ماڈل ہے جس سے ترقی پذیر ممالک کو سیکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات کا عہد کیا کہ پنجاب چین کے ساتھ مل کر ترقی کے سفر میں آگے بڑھے گا۔

اس سے پہلے، وزیر اعلیٰ پنجاب نے چین کے ساتھ ایک اہم معاہدہ کیا جس کے تحت پنجاب میں ایڈوانس ایئرکوالٹی مینجمنٹ سسٹم قائم کیا جائے گا تاکہ ماحول کی بہتری اور اسموگ کے خاتمے کے لئے اقدامات کیے جا سکیں۔ چین پنجاب کو ماحول دوست توانائی، ٹرانسپورٹ سسٹم کی بہتری اور ای ٹرانسپورٹ سسٹم میں مدد فراہم کرے گا۔